چیف منسٹر کے سی آر کا خاندان معاشی دہشت گرد : ریونت ریڈی

   

حیدرآباد ۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر خاندان کو معاشی دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد تمام بدعنوانیوں کی تحقیقات کی جائے گی۔ کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کو جیل روانہ کیا جائے گا۔ گاندھی بھون میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے ریونت ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے سی آر فیملی کیلئے اے ٹی ایم میں تبدیل ہوگیا۔ ایک لاکھ کروڑ روپئے کی بدعنوانیاں ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر کی بدعنوانیوں سے کالیشورم پراجکٹ بلی کا بکرا بن گیا ہے۔ بدعنوان کے سی آر حکومت کو بچانے کی مرکزی حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ کالیشورم پراجکٹ کا جائزہ لینے کیلئے قومی سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دی جائے اور برسرخدمات جج کے ذریعہ اس کی تحقیقات کرائی جائے۔ اس کمیٹی میں کے سی آر خاندان کو ہرگز شامل نہیں کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی 7 اور 11 نومبر کو تلنگانہ کے دورہ پر آرہے ہیں۔ وہ کالیشورم پراجکٹ کا معائنہ کریں۔ پراجکٹ کو جو نقصان پہنچا ہے اس کے خلاف کارروائی کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی صدارت سے ہٹادینے کے بعد بنڈی سنجے کیا بات کررہے ہیں، خود انہیں اس کا پتہ نہیں ہے۔ انہوں نے بی آر ایس اور بی جے پی کو ایک ہی سکہ کے دو رخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی حکومت بچانے کیلئے ایک دوسرے کی تائید و حمایت کررہے ہیں۔ ریاست کے تمام آبپاشی پراجکٹس کا جائزہ لیا جائے تعمیری کاموں میں غفلت سے کام لینے والوں کے خلاف کریمنل مقدمات درج کیا جائے۔ تلنگانہ حکومت نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کا جواب نہیں دے رہی ہے۔ باوجود اس مسئلہ پر مرکزی حکومت تلنگانہ حکومت کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشہ دیکھ رہی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے تلنگانہ تحریک کے روح رواں ٹی جے ایس کے سربراہ پروفیسر کودنڈارام کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو چپل سے مارنے کا انتباہ دیا۔ ساتھ ہی پراجکٹس کے تعمیری تخمینہ اور مکمل اخراجات پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا۔ن