عثمان آباد اور شولا پور میں مندروں کے درشن
حیدرآباد۔/25 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 26 جون سے مہاراشٹرا کا دو روزہ دورہ کریں گے جس کے تحت پندھر پور اور تلجا پور میں قدیم مندروں کے درشن کریں گے۔ آئندہ سال مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کے سی آر نے بی آر ایس کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ۔ پروگرام کے مطابق چیف منسٹر حیدرآباد سے عثمان آباد عمرگہ پہنچیں گے اور وہاں سے شولا پور جائیں گے۔ منگل کو کے سی آر پندھر پور ضلع شولا پور میں لارڈ وٹھل مندر کے درشن کے بعد خصوصی پوجا میں حصہ لیں گے۔ وہ شولا پور سرکولی گاؤں میں بی آر ایس مقامی کیڈر کی جانب سے منعقد پروگرام میں شرکت کریں گے۔ وہ عثمان آباد کے مشہور تلجا بھوانی مندر میں خصوصی پوجا کریں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے بھی موجود رہیں گے۔ واضح رہے کہ کے سی آر نے 15 جون کو مہاراشٹرا کے ناگپور میں بی آر ایس کے پہلے دفتر کا افتتاح کیا تھا۔ انہوں نے تلنگانہ کی طرح مہاراشٹرا میں بھی کسانوں کو مفت برقی کی سربراہی اور دیگر اسکیمات کا وعدہ کیا۔ مہاراشٹرا کے ناندیڑ، ناگپور اور دیگر علاقوں کے این سی پی اور کانگریس قائدین بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ر