متحدہ ضلع کی اسکیمات کی عمل آوری کا جائزہ لینے کا امکان
نظام آباد :26؍ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر رائو آئندہ 13، 14؍ اکتوبر کے روز متحدہ ضلع کاماریڈی ، نظام آبادکا دورہ کریں گے۔ اس موقع پر آبپاشی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے لفٹ ایریگیشن کے کاموں کے سنگ بنیاد رکھنے کے امکانات ہیں ۔ دونوں اضلاع کے عہدیدار کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کاموں کی انجام دہی کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو دوسری مرتبہ حلف لینے کے بعد ابھی تک متحدہ ضلع کا دورہ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ان کے دورہ کی کامیابی کیلئے عہدیداروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو کی سکریٹری سمیتا سبھروال ضلع کا دورہ کرتے ہوئے ان کاموں کا جائزہ لینے کے امکانات ہیں ۔ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو نے چند دن قبل اسمبلی میں متحدہ ضلع کے اراکین اسمبلی ، ایم ایل سی اور آبپاشی ، پنچایت راج وزراء کے ساتھ آبی سہولتوں کی فراہمی بالخصوص نظام ساگر میں پانی کی قلت کے باعث لف ایریگیشنوں کو فروغ دیتے ہوئے اس کی تعمیری کیلئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی طور پر جائزہ لیا تھا ۔ نظام ساگر منڈل کے علاقہ ناگا مڑ گو ، ورنی ، چندور منڈلوں میں لفٹ ایریگیشن کا جائزہ لینے کے علاوہ علی ساگر کا دورہ کرتے ہوئے کٹے کی اونچائی میں اضافہ کے ذریعہ آبی سہولتوں کی فراہمی ، ایس آر ایس پی کے ذریعہ پانی حاصل کرنے کیلئے نظام ساگر کنال کی ریورس پمپنگ کے ذریعہ پانی فراہم کرتے ہوئے متحدہ ضلع کو آبی سہولتیں فراہم کرنے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے ۔ اس خصوص میں وزیر مقننہ مسٹر پرشانت ریڈی بھی حال ہی میں پمپ ہائوز کی تعمیری کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ایس آر ایس پی کو حاصل ہونے والے پانی کی سہولتوں اور آئندہ سال پمپنگ کے ذریعہ پانی حاصل کرنے کیلئے کاموں کو تیزی پیدا کرنے کیلئے عہدیداروں سے خواہش کرنے کے علاوہ کلکٹرکے ذریعہ بھی اس خصوص میں بات چیت کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو دو روزہ دورہ کے موقع پر متحدہ ضلع کی اسکیمات کی عمل آوری کا بھی جائزہ لینے کے امکانات ہیں ۔ مشن بھگیرتا کے کاموں کے علاوہ شادی مبارک ، کلیانہ لکشمی ، مشن کاکتیہ ، آسرا وظائف ، آبپاشی کاموں کے علاوہ پیاکیج نمبر 22,21 کے کاموں کا بھی جائزہ لینے کے امکانات ہیں ۔ چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر لفٹ ایریگیشن اسکیموں کے سنگ بنیاد کے علاوہ دیگر کاموں کا بھی جائزہ لینے کے امکانات ہیں ۔ ان کاموں کی انجام دہی کیلئے عہدیداروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ،چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو کے دو روزہ دورہ کی قطعی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے لیکن 13 ، 14؍ اکتوبر دونوں اضلا ع کا دورہ کرنے کا چیف منسٹر نے واضح طور پر اشارہ دے چکے ہیں ۔
