چیف منسٹر کے سی آر کا 11 فروری کوجنگاؤں ضلع کا دورہ

   

ضلع کلکٹریٹ اور پارٹی آفس کا افتتاح، ریاستی وزراء نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔/6فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 11 فروری کو جنگاؤں ضلع کا دورہ کریں گے اور ٹی آر ایس آفس اور نئے کلکٹریٹ کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ اور وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راٹھور نے چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ رعیتو بندھو سمیتی کے صدر اور رکن کونسل پی راجیشور ریڈی، صدر نشین معذورین کارپوریشن واسو دیو ریڈی، ایم ایل سی پوچم پلی سرینواس ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اس موقع پر ریاستی وزراء نے نوتعمیر شدہ پارٹی آفس اور اس کے عقب میں جلسہ عام کے مقام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں کوویڈ قواعد کے مطابق انتظامات کئے جائیں گے۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ چیف منسٹر جنگاؤں آمد کے بعد نئے کلکٹریٹ کا افتتاح کریں گے بعد میں پارٹی آفس پہنچیں گے۔ ضلع کے مختلف علاقوں سے عوام بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ ستیہ وتی راٹھور نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہر ضلع میں عصری سہولتوں کے ساتھ کلکٹریٹ کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ کلکٹریٹ کامپلکس میں تمام اہم دفاتر قائم کئے جائیں گے تاکہ مسائل کی یکسوئی میں عوام کو مدد ملے۔ چیف منسٹر کے دورہ کی کامیابی کیلئے وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ نے ضلع کے عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات کا سلسلہ جاری ہے اور کوئی بھی ریاست تلنگانہ کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ر