چیف منسٹر کے سی آر کسی بھی وقت جیل جاسکتے ہیں

   

ٹی آر ایس کے 18 قائدین کے خلاف قانونی رائے کا حصول، تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کا دعویٰ
حیدرآباد :۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کسی بھی وقت جیل جاسکتے ہیں ۔ وزراء اور ٹی آر ایس کے 18 قائدین کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے خلاف قانونی رائے حاصل کی گئی ہے ۔ ان کے خلاف بھی بہت جلد قانونی کارروائی کا آغاز ہوگا ۔ ایٹالہ راجندر غیر مشروط بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ۔ بی جے پی کے تعاون کے بغیر علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل ممکن نہیں تھی ۔ تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر بنڈی سنجے نے بی جے پی کے ہیڈکوارٹر پر قومی پرچم کشائی انجام دی ۔ بعد ازاں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد صرف کے سی آر خاندان اور اویسی خاندان کو فائدہ پہونچا ہے ۔ جب کہ تلنگانہ کے عوام مقروض ہوئے ہیں ۔ بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے ۔ بدعنوانیاں عروج پر پہونچ چکی ہیں ۔ ایک بھی وعدے کو پورا نہیں کیا گیا ہے ۔ جس سے ریاست کے عوام ٹی آر ایس حکومت سے بدظن ہوچکے ہیں اور بی جے پی تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی متبادل بن کر ابھر رہی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی بدعنوانیوں کا حساب کتاب ہوچکا ہے ۔ وہ کسی بھی وقت جیل جاسکتے ہیں ۔ بی جے پی مغربی بنگال کی طرز پر تلنگانہ میں مقابلہ کرکے 2023 میں اقتدار حاصل کرے گی ۔ انہوں نے سابق وزیر ایٹالہ راجندر کی بی جے پی میں شمولیت کے مطابق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر مشروط بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ۔ شاید وہ ایک ہفتہ میں بی جے پی میں شامل ہونے کا سرکاری طور پر اعلان کرسکتے ہیں ۔ ٹی آر ایس اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کے تعلق سے وہ قانونی رائے حاصل کررہے ہیں ۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ ایٹالہ راجندر کی طرح اور کئی قائدین ہیں جو بی جے پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں مگر ان کی شمولیت کے بارے میں صحیح وقت پر مناسب فیصلہ کیا جائے گا ۔۔