حیدرآباد۔25۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج پرگتی بھون میں ریاستی وزراء کے ساتھ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر بات چیت کی۔ مرکز سے نمائندگی کے بعد حیدرآباد واپس ہونے والے وزراء نرنجن ریڈی ، جی کملاکر ، پی اجئے کمار اور پرشانت ریڈی نے چیف منسٹر کو مرکزی وزیر اغذیہ پیوش گوئل سے ملاقات کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ دو دن تک نئی دہلی میں قیام کے بعد پیوش گوئل نے کل شام ریاستی وزراء کو ملاقات کا وقت دیا تھا۔ پیوش گوئل نے تلنگانہ وزراء کے ساتھ انتہائی سخت لہجہ میں گفتگو کی اور ریاست سے کئے گئے معاہدہ کے مطابق دھان کی خریدی کا موقف دہرایا۔ ملاقات میں کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا اور ریاستی وزراء نے بعد میں پیوش گوئل پر تلنگانہ کی توہین کا الزام عائد کیا۔ چاروں وزراء نے چیف منسٹر کو پیوش گوئل اور بی جے پی قائدین کے مخالف تلنگانہ رویہ کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ربیع سیزن کے دھان کی خریدی کیلئے ہنگامی طور پر منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرکز کی جانب سے دھان کی عدم خرید سے تلنگانہ کو دھان کا ذخیرہ کرنے کیلئے گوداموں کا انتظام کرنا پڑے گا۔ مرکز پر دھان کی خریدی کے سلسلہ میں دباؤ بنانے کیلئے حیدرآباد اور نئی دہلی میں احتجاجی لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریاست گیر سطح پر احتجاج کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ کسانوںکو مرکز کے رویہ سے واقف کرایا جاسکے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کیا اور پنجاب کی طرح تلنگانہ سے مکمل دھان کی خریدی کی مانگ کی۔ ر