ملاقات کیلئے وزیراعظم سے وقت طلب ، تلنگانہ بھون کا سنگ بنیاد رکھنے کا امکان
حیدرآباد : سربراہ ٹی آر ایس و چیف منسٹر کے سی آر تین روزہ دورہ پر 11ڈسمبر کی صبح دہلی روانہ ہورہے ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کا انہوں نے وقت طلب کیا ہے ۔ اگر وزیراعظم وقت دیتے ہیں وہ ان سے بھی ملاقات کریں گے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر مرکزی وزیر فینانس کے علاوہ دوسرے مرکزی وزراء سے ملاقات کریں گے ۔ دہلی میں مرکزی حکومت کی جانب سے ٹی آر ایس کیلئے مختص کردہ اراضی کامعائنہ کریں ۔ امکان ہے کہ وہ دہلی میں تلنگانہ بھون تعمیر کرنے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ وہ مختلف اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور دہلی میں احتجاج کرنے والے کسان تنظیموں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریںگے ۔ تاہم چیف منسٹر کے دورہ دہلی کا ابھی تک سرکاری شیڈول جاری نہیں ہوا ہے ۔ جی ایچ ایم سی انتخآبات کے بعد ریاست میں پیدا شدہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر چیف منسٹر کے سی آر کے دورہ دہلی کو کافی اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔ جی ایچ ایم سی انتخآبات میں بی جے پی نے اپنی ساری طاقت جھونک دی تھی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بھی حیدرآباد کی سرزمین سے مرکزی حکومت کے پالیسیوں اور فیصلوں کے خلاف محاذ کھولنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ڈسمبر کے تیسرے ہفتہ میں سوائے بی جے پی اور کانگریس کے دوسرے ہمخیال جماعتوں کا حیدرآباد میں جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن جی ایچ ایم سی کے نتائج معلق آئے ہیں جس کے بعد جلسہ عام منعقد کرنے پر ٹی آر ایس نے کوئی موقف ظاہر نہیں کیا ہے لیکن 8 ڈسمبر کو منظم ہوئے بھارت بند کی ٹی آر ایس نے مکمل تائید و حمایت کیت ھی ۔ تمام وزراء اور ٹی آر ایس کے تمام عوامی منتخب نمائندوں نے بند اور احتجاج میں حصہ لیا تھا ۔ اب دیکھنا یہ ہیکہ اپنے سہ روزہ دہلی دورہ کے دوران چیف منسٹر صرف مرکزی وزراء سے ملاقات تک ہی اکتفا کریں گے یا وعدے کے مطابق ہمخیال جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کر ترجیح دیں گے ۔ مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن سے ملاقات کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر ریاست کو وصول ہونے والے زیرالتواء فنڈز کی اجرائی کیلئے نمائندگی کریں گے ۔