ریاست کو درپیش مسائل پر نمائندگی، آئی پی ایس عہدیداروں کے الاٹمنٹ ، ٹرپل آئی ٹی اور ٹکسٹائل پارک پر مکتوب حوالے
حیدرآباد۔3 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے آج نئی دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات 50 منٹ کی رہی جس میں تلنگانہ کودرپیش تقریباً 10 مختلف امور پر وزیراعظم سے نمائندگی کی گئی۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کیلئے آئی پی ایس کیڈر پر نظرثانی ، انٹیگریٹیڈ ٹکسٹائل پارک کے قیام، حیدرآباد ۔ ناگپور صنعتی کاریڈار کی ترقی ، نئے اضلاع میں جواہر نوودیا ودیالیہ کے قیام، مرکزی اسکیم پی ایم جی ایس وائی ، سڑکوں کی تعمیر کریم نگر میں ٹرپل آئی ٹی کی منظوری، حیدرآباد آئی آئی ایم اور ریاست میں ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام جیسے امور پر وزیراعظم کو علحدہ مکتوب حوالے کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد 10 اضلاع کو 33 اضلاع میں تبدیل کیا گیا تاکہ بہتر نظم و نسق ممکن ہوسکے اور ترقیاتی پروگراموں پر عمل آوری ہو۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے آئی پی ایس کیڈر کا ریویو 2016 ء میں کیا گیا تھا جس کے تحت ریاست کو 139 عہدے الاٹ کئے گئے ۔ تلنگانہ حکومت نے مرکز سے پھر ایک بار کیڈر ریو کی درخواست کی ۔ تلنگانہ کیلئے مزید عہدیداروں کی ضرورت ہے ۔ لہذا کم از کم 29 سینئر ڈیوٹی پوسٹ منظور کئے جائیں۔ انہوں نے وزیراعظم سے تلنگانہ کو زائد آئی پی ایس عہدے الاٹ کرنے درخواست کی ہے۔ وزیراعظم کو ایک اورمکتوب میں چیف منسٹر نے رنگا ریڈی ، آصف آباد ، ورنگل اربن ، ناگرکرنول ، نلگنڈہ ، سدی پیٹ ، کھمم ، کریم نگر اور کاما ریڈی میں مرکزی حکومت کی جانب سے جواہر نوودیا ودیالیہ کی موجودگی کا حوالہ دیا اور مزید 21 اضلاع میں قیام کی درخواست کی گئی۔ جن اضلاع میں نوودیا ودیالیہ موجود نہیں ہیں ، ان میں عادل آباد ، نرمل ، منچریال ، نظام آباد ، سنگا ریڈی ، میدک ، جگتیال ، جنگاؤں ، سوریا پیٹ ، بھونگیر ، وقار آباد ، ملکاجگری اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے ورنگل میں ٹکسٹائل پارک کے قیام کیلئے مرکز سے 1000 کروڑ گرانٹ کی درخواست کی ہے۔ چیف منسٹر نے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے تیقن کے مطابق تلنگانہ میں ٹرائبل یونیورسٹی کے قیام کی درخواست کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ قائم کیا جائے ۔ اس کیلئے حیدرآباد یونیورسٹی کے تحت اراضی دستیاب ہے۔ چیف منسٹر نے کریم نگر میں ٹرپل آئی ٹی قائم کرنے مکتوب حوالے کیا ۔ پرائم منسٹر گرام سڑک یوجنا کے تحت تلنگانہ میں سڑکوں کی تعمیر کی اپیل کی گئی۔ R
دہلی میں تلنگانہ بھون کیلئے اراضی اور یادادری مندر کے افتتاح میں شرکت
وزیراعظم نریندر مودی کا چیف منسٹر کے سی آر کو تیقن
حیدرآباد۔3 ۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی میں تلنگانہ حکومت کی سرکاری عمارت کی تعمیر کیلئے اراضی الاٹ کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ سرکاری طورپر تلنگانہ بھون کی تعمیر کیلئے اراضی الاٹ کریں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو یادادری مندر کے افتتاح کی دعوت دی گئی ۔ وزیراعظم نے دونوں درخواستوں پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اراضی الاٹمنٹ اور مندر کے افتتاح سے اتفاق کرلیا ۔ چیف منسٹر نے وزیراعظم کو بتایا کہ دیگر ریاستوں کی طرح تلنگانہ بھی دارالحکومت میں اپنا سرکاری دفتر قائم کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے حکومت کی عمارت کیلئے اراضی الاٹ کرنے کا تیقن دیا جو تلنگانہ بھون کہلائے گی ۔ یادادری مندر کے ترقیاتی منصوبہ سے وزیراعظم کو واقف کراتے ہوئے انہیں افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ۔ حکومت نے بڑے پیمانہ پر مندر کی ترقی اور تزئین نو کا کام انجام دیا ہے۔ اکتوبر یا نومبر میں افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے افتتاحی پروگرام میں شرکت سے اتفاق کرلیا ۔ R