7ستمبر کو اسمبلی حلقہ کے اہم قائدین کا پرگتی بھون میں اجلاس طلب کیا۔ ایم ایل سی کویتا بھی والد کیلئے سرگرم
حیدرآباد ۔ 4ستمبر ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے 7 ستمبر کو اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے پارٹی قائدین کا ایک اہم اجلاس پرگتی بھون میں طلب کیا ہے جس میں انتخابی حکمت عملی ، اسمبلی حلقہ کی ترقی کے علاوہ دوسرے اُمور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بی آر ایس پارٹی کے 115 امیدواروں کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی واضح کردیا تھا کہ وہ اس مرتبہ گجویل کے علاوہ اسمبلی حلقہ کاماریڈی سے بھی مقابلہ کریں گے ۔ انتخابی شیڈول کی اجرائی سے قبل بی آر ایس پارٹی نے عوام کے درمیان پہنچتے ہوئے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے ۔ بیشتر مقامات پر بی آر ایس کے مقامی قائدین اعلان کردہ 115 اسمبلی حلقوں کے امیدواروں کے نام پر دوبارہ نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ ایک طرف بی آر ایس قیادت پارٹی کے ناراض قائدین کو سمجھا رہی ہے ، دوسری جانب ون نیشن ون الیکشن کا جائزہ لیتے ہوئے انتخابی تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہے ۔ ابھی تک پارٹی میں جاری مخالف سرگرمیوں پر توجہ دینے والے چیف منسٹر کے سی آر نے پہلی مرتبہ اسمبلی حلقہ کاماریڈی پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ ویسے بھی چیف منسٹر کی دختر ایم ایل سی کویتا کاماریڈی میں اپنے والد کی انتخابی سرگرمیوں کا پہلے ہی آغاز کردیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے 7ستمبر کو پرگتی بھون میں اسمبلی حلقہ کاما ریڈی کے بی آر ایس قائدین کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر کے سی آر اس اجلاس کے ذریعہ پارٹی قائدین سے مقامی حالت کا جائزہ لیں گے ۔ حلقہ کے مسائل ، عوامی مسائل ، زیر التواء ترقیاتی و تعمیری کاموں کی تفصیلات حاصل کریں گے ۔ ساتھ ہی انتخابی مہم کے دوران منعقد کئے جانے والے جلسوں، ریالیوں کی حکمت عملی تیار کریں گے اور پارٹی قائدین کو انتخابی مہم چلانے کے معاملہ میں مشورے بھی دیں گے ۔ واضح رہے کہ اسمبلی حلقہ کاماریڈی کے کئی گاؤں میں چیف منسٹر کے سی آر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اتفاق رائے سے قراردادیں منظور کی گئی ہیں ۔ چیف منسٹر کے مقابلہ کرنے سے حلقہ کی ترقی ہونے کا بی آر ایس کے قائدین دعویٰ کرتے ہوئے یہی پیغام عوام میں پہنچا رہے ہیں ۔ حیدرآباد میں اتوار کو رکن اسمبلی گمپا گووردھن ریڈی کے فرزند کی شادی میں چیف منسٹر کے سی آر نے شرکت کی اور نئے جوڑے کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر اسمبلی حلقہ کاماریڈی سے شادی میں شرکت کرنے والے عوام کے سی آر زندہ آباد کے نعرے لگائے اور کے سی آر کا کاماریڈی میں خیرمقدم کرنے کا اعلان کیا ۔ ن