بی جے پی قائدین کی گورنر سے ملاقات، انتقامی کارروائیوںکا الزام
حیدرآباد۔16۔نومبر (سیاست نیوز) بی جے پی قائدین کے وفد نے قومی نائب صدر ڈی کے ارونا کی قیادت میں گورنر سوندرا راجن سے راج بھون میں ملاقات کی ۔ وفد میں ارکان اسمبلی ایٹالہ راجندر ، راجہ سنگھ کے علاوہ ڈاکٹر کے لکشمن ، پی سدھاکر ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ گورنر کو یادداشت پیش کرتے ہوئے نلگنڈہ میں پارٹی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے پر ٹی آر ایس کارکنوں کے حملے کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ قائدین نے کہا کہ منصوبہ بند طریقہ سے یہ حملہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی قائدین اور کارکنوں کو حکومت کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے۔ فرضی مقدمات کے ذریعہ بی جے پی قائدین کو سرگرمیوں سے روکنے کی کوشش ہے۔ گورنر سے اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف کارروائی کیلئے حکومت کو ہدایت دینے کی اپیل کی گئی ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی کے ارونا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر بنڈی سنجے کے قافلہ پر حملہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کے خلاف حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ حضور آباد میں شکست کے بعد سے تلنگانہ میں بی جے پی کی پیش قدمی کو روکنے کیلئے حکومت متحرک ہوچکی ہے۔ حضور آباد میں کئی سو کروڑ روپئے خرچ کئے گئے لیکن راجندر کی کامیابی کو روکا نہیں جاسکا۔ پارٹی قائدین نے کسانوں سے دھان کی خریدی کیلئے خصوصی مراکز کے قیام کا مطالبہ کیا۔ ر
