گوداوری ندی میں آبی ذخیرہ اندوزی کا مشاہدہ، پراجکٹ کی بروقت تکمیل پر عہدیداران کو مبارکباد
حیدرآباد۔6اگسٹ(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج کالیشورم پراجکٹ کا فضائی دورہ کرتے ہوئے پراجکٹ میں جمع ہونے والے پانی اور پراجکٹ تک پہنچنے والے پانی کا مشاہدہ کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کالیشورم پراجکٹ میں جمع ہونے والے پانی پر نگاہ رکھیں اور چوکنا رہیں کیونکہ کالیشورم پراجکٹ میں لاکھوں کیوزک پانی جمع ہونے لگا ہے جو کہ اب تک ضائع ہوا کرتا تھا۔چیف منسٹر نے اپنے دورہ کے دوران محکمہ آبپاشی کے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ پانی کو محفوظ رکھنے اور بیاریجس کے دروازوں پر توجہ دیں تاکہ حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے مطابق ریاست میں اس پانی کے استعمال کو ممکن بنایا جاسکے ۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں 45لاکھ ایکڑ اراضی کو اور صنعتی مقاصد کی تکمیل کے لئے جو منصوبہ تیار کیا گیا تھا اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے میں مختصر مدت میں کامیابی حاصل ہونے لگی ہے۔ انہوں نے کالیشورم کو پرانہیتا سے پہنچنے والے پانی کی مکمل تفصیلات عہدیداروں سے حاصل کی اور کہا کہ میدی گڈہ بیاریج کو پہنچنے والے پانی اور اس کی تقسیم کا مشاہدہ کیا جاتا رہے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت نے معینہ مدت میں اس پراجکٹ کی تکمیل کو انجام دیتے ہوئے ریاست کی زرعی اراضیات کو سیر آب کرنے کا جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر اب عمل آوری کی جانے لگی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہو ںنے میدی گڈہ بیاریج کا مشاہدہ کرنے کے دوران پانی کے بہاؤ کے لئے کی جانے والی خصوصی پوجا کی اور پانی میں پھول‘کم کم ‘ ہلدی اور چند سکے ڈالے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے دریافت کیا کہ جاریہ موسم کے دوران اب تک کالیشورم پراجکٹ سے کتنے پانی کے بہاؤ کو ممکن بنایا جاسکا ہے جس پر عہدیداروں نے بتایا کہ تاحال کالیشورم سے 300 ٹی ایم سی پانی کو بہاتے ہوئے دیگر حصوں تک پہنچانے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ گوداوری میں سیلاب کی صورت میں پراجکٹ کے دروازوں کو کھولنے کے اقدامات کئے جائیں اور سیلاب کے تھمنے کے ساتھ ساتھ دروازوں کو بند کرتے ہوئے پانی جمع کیا جائے۔ عہدیداروں نے بارش اور پرانہیتا سے کالیشورم پراجکٹس بالخصوص میدی گڈہ بیارج پہنچنے والے پانی کی تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ ریاستی حکومت کے منصوبہ کے تحت جلد ہی کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ ریاست کے شہری علاقو ںمیں پینے کے پانی کی سربراہی کو بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔چیف منسٹر نے کالیشورم پراجکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے عہدیداروں اور ایل اینڈ ٹی کے ذمہ دارو ں کو مبارکباد پیش کی ۔ چیف منسٹر کے ساتھ کالیشورم پراجکٹ کا دورہ کرنے والوں میں چیف منسٹر کے ہمراہ مسٹر ای دیاکر راؤ‘ مسٹر ایٹالہ راجندر ‘ مسٹر جے سنتوش کمار‘مسٹر جی وینکٹ رمنا ریڈی کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔
