ڈاکٹرس نے ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا، تمام رپورٹس نارمل،ہارٹ کا کوئی مسئلہ نہیں، پرگتی بھون واپس
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی آج صبح طبیعت میں معمولی خرابی کے بعد انہیں طبی معائنوں کیلئے سوماجی گوڑہ کے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ مختلف معائنوں کے بعد ڈاکٹرس نے کہا کہ چیف منسٹر کے تمام معائنے بہتر ہیں، تاہم گردن کی ہڈی میں معمولی فرق پایا گیا جو اس عمر میں معمول کی بات ہے ۔ ڈاکٹرس نے چیف منسٹر کو مکمل صحت یابی کیلئے ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ چیف منسٹر مکمل صحت مند ہیں اور تمام اعضائے رئیسہ بہتر کر رہے ہیں۔ کے سی آر کے معائنوں میں قلب ، جگر اور گردہ کے مستحکم ہونے کی رپورٹ آئی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ چیف منسٹر گزشتہ دو دن سے کمزوری محسوس کر رہے تھے اور بائیں ہاتھ میں ہلکا درد ہورہا تھا ۔ آج صبح 8 بجے تکلیف میں اضافہ پر چیف منسٹر کے شخصی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ کو پرگتی بھون طلب کیا گیا ۔ ایم وی راؤ کے ہمراہ ماہر ڈاکٹرس کی ٹیم تھی جنہوں نے صبح 9 بجے پرگتی بھون میں چیف منسٹر کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹرس نے احتیاطی طورپر معائنوں کیلئے ہاسپٹل منتقل ہونے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر ہر سال فروری میں مکمل ہیلت چیک اپ کراتے ہیں ، لہذا یشودھا ہاسپٹل منتقل کرکے کے سی آر کے معائنے کئے گئے ۔ منتقلی کے وقت چیف منسٹر کی اہلیہ شوبھا، دختر کویتا اور رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار موجود تھے، تاہم ہاسپٹل منتقلی کی اطلاع ملتے ہی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ ، چیف سکریٹری سومیش کمار ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار اور ٹی آر ایس قائدین یشودھا ہاسپٹل پہنچ گئے۔ ہاسپٹل میں چیف منسٹر کا سٹی اسکیان ، ای سی جی ، 2D ایکو اور انجیوگرام ٹسٹ کے علاوہ دماغ اور گردن کا ایم آر آئی ٹسٹ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ خون کے مختلف معائنے کئے گئے ۔ ڈاکٹرس کے مطابق سالانہ ہیلت چیک اپ کے طور پر یہ معائنے کئے گئے ۔ ڈاکٹر وشنو ریڈی جو میڈیکل سرویسز کے چیف ہیں، نے ڈاکٹر ایم وی راؤ اور ڈاکٹر پرمود کمار چیف کارڈیالوجسٹ کے ہمراہ میڈیا کو معائنوں کے نتائج سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی صحت مکمل نارمل ہے اور تمام اعضا معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ ایم آر آئی ٹسٹ میں پتہ چلا کہ بائیں ہاتھ میں درد دراصل ہلکے (Cervical-Spondylitis) کا نتیجہ ہے جو اس عمر میں معمول کی بات ہے۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ حالیہ دنوں میں چیف منسٹر نے کئی دورے کئے ہیں، وہ زیادہ تر وقت اخبارات ، کتابوں کے مطالعہ میں صرف کرتے ہیں اور آئی پیاڈ کا استعمال کرتے ہیں جس کے نتیجہ میں یہ مسئلہ پیدا ہوا۔ تاہم ڈاکٹرس نے ایک ہفتہ مکمل آرام کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر ایم وی راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کا بلڈ اور شوگر ٹسٹ ہر ہفتہ کیا جائیگا اور آئندہ سال مارچ میں سالانہ ہیلت چیک اپ کیا جائے گا ۔ ڈاکٹرس نے چیف منسٹر کو بلڈ پریشر پر قابو رکھنے کا مشورہ دیا کیونکہ بلڈ پریشر کسی قدر زیادہ درج ہوا ۔ ڈاکٹرس نے کہا کہ حالیہ دنوں میں اسمبلی اور باہر تقاریر کے سبب بلڈ پریشر میں کسی قدر تبدیلی آئی ہے۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ آرام کے بعد مکمل صحتیاب ہوجائیں گے۔ ڈاکٹرس کو شبہ ہے کہ چیف منسٹر کے زیادہ مطالعہ کی عادت کے نتیجہ میں گردن کی ہڈی میں فرق کی شکایت پیدا ہوئی ۔ زیادہ عوامی تقاریر سے تھکن پیدا ہوچکی ہے۔ کے سی آر کے شخصی معالج ڈاکٹر ایم وی راؤ نے کہا کہ تمام رپورٹس نارمل ہیں اور فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ آرام کے ذریعہ مکمل صحت یابی ہوجائے گی۔ تین گھنٹے تک چیف منسٹر کے معائنے اور انہیں آبزرویشن میں رکھنے کے بعد سہ پہر 3.00 بجے چیف منسٹر کو ڈسچارج کیا گیا اور وہ پرگتی بھون واپس آگئے۔ ر
چیف منسٹر کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے بنڈی سنجے کی نیک تمنائیں
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بنڈی سنجے نے ٹوئیٹر پر کے سی آر کی خرابیٔ صحت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ لارڈ درگا کے سی آر کو عاجلانہ صحت اور طویل عمر عطا کریں۔ چیف منسٹر کے سی آر کے معائنوں کیلئے ہاسپٹل منتقل کرنے کی اطلاعات کے بعد کئی سیاسی قائدین نے ٹوئیٹر پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بھی ٹوئیٹر پر چیف منسٹر کی عاجلانہ صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کی ہاسپٹل منتقلی کی اطلاع پر دکھ کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ کے سی آر جلد صحت مند