چیف منسٹر کے عزم اور کے ٹی آر کے ویژن سے شہر حیدرآباد کی تیز رفتار ترقی

   

مختصر عرصہ میں تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست میں تبدیل، ڈاؤن ریمپ کا افتتاح، ٹی سرینواس یادو کا خطاب

حیدرآباد ۔ 26 فبروری (سیاست نیوز) ریاستی وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے عزم اور ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے ویژن سے شہر حیدرآباد تیزی سے ترقی کررہا ہے اور تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست میں تبدیل ہوگیا ہے۔ آج پی وی این آر ایکسپریس ہائی وے پر لکشمی نگر کے قریب 5 کروڑ روپئے کے مصارف سے میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تعمیر کردہ ڈاؤن ریمپ کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی، مجلس کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین، ٹی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل ایم ایس پربھاکر، ایس وانی دیوی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ شہر حیدرآباد کی آبادی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اسی نوعیت سے شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد شہر حیدرآباد و اس کے اطراف و اکناف میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی اقدامات کئے گئے ہیں جس سے شہر کی ہیئت پوری طرح تبدیل ہوگئی ہے۔ حکومت نے کنکٹی ویٹی، ہاسپٹلائٹی، لا اینڈ آرڈر پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کررہے ہیں۔ (ایس آر ڈی پی) پراجکٹ کے تحت سڑکوں کی ترقی، فلائی اوورس کی تعمیرات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس ریمپ کی تعمیر پر سرینواس یادو نے ایچ ایم ڈی اے حکام کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر مقامی قائدین اور عہدیدار موجود تھے۔ن