چیف منسٹر کے عہدہ پر ریونت ریڈی کے دو سال مکمل، عوامی تائید پر اظہار تشکر

   

فلاحی اسکیمات سے غریبوں کے معیار زندگی میں بہتری، ویژن 2047 کے تحت تلنگانہ کی عالمی سطح پر شناخت کا عہد
حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پراجاپالنا حکومت کے دو سال کی تکمیل کے موقع پر اس بات کا عہد کیا کہ ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وہ مساعی جاری رکھیں گے۔ چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لینے کے دو سال کی تکمیل پر ریونت ریڈی نے تلنگانہ عوام کے نام پیام جاری کیا۔ 7 ڈسمبر 2023 کو ریونت ریڈی نے لال بہادر اسٹیڈیم میں چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیا تھا۔ عہدہ پر دو سال کی تکمیل کو تلنگانہ عوام کی تائید اور سرپرستی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر نے ان کی قیادت پر 4 کروڑ عوام کے اعتماد پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظم و نسق کے تحت گزشتہ دو برسوں میں ریاست کی ترقی کے لئے غیر معمولی اقدامات کئے گئے تاکہ ریاست کو قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارم پر نمایاں انداز میں پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں نوجوانوں کے لئے روزگار کی فراہمی ہے۔ حکومت نے بڑے پیمانے پر تقررات کرتے ہوئے نوجوانوں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ سابق حکومت نے نوجوانوں میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا کردی تھی۔ حکومت نے قرض کے شکار کسانوں کا وعدے کے مطابق قرض معاف کرتے ہوئے زرعی شعبہ کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کی کوشش کی ہے۔ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے انہیں صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ سماجی انصاف کا عہد دہراتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ کمزور طبقات کی بھلائی کے اقدامات کئے گئے۔ مادیگا طبقہ کی زمرہ بندی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں ترقی کے لئے ہر اسمبلی حلقہ میں ینگ انڈیا انٹیریٹیڈ ماڈل اسکولس قائم کئے جارہے ہیں۔ نوجوانوں کو مستقبل کے چیالنجس کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار بنانے اسکل یونیورسٹی اور اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر نے اندراماں ہاوزن، غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی، 500 روپے میں گیس سلینڈر اور دھان کی پیداوار پر 500 روپے بونس جیسے اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ غریبوں کی معیار زندگی کو بہتر بنانے میں حکومت کی اسکیمات معاون ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کے 100 سال کی تکمیل کے ضمن میں تلنگانہ رائزنگ 2047 ترقیاتی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ریاست کی ترقی کے لئے طویل مدتی منصوبہ بندی کی کمی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ملک کے ترقیاتی گروتھ انجن میں تبدیل کرنے کے لئے حکومت نے تلنگانہ رائزنگ کا نعرہ دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام کی محبت اور ان کا تعاون ان کی حقیقی طاقت ہے۔ انہوں نے کیا کہ تلنگانہ کی ترقی کے لئے اس وقت تک انتھک جدوجہد کرتے رہیں گے جب تک انہیں عوام کی تائید حاصل رہے گی۔ ریونت ریڈی نے جیا جیا ہے تلنگانہ گیت کو ریاست کے سرکاری گیت کا درجہ دینے کو عوام کی خواہشات کی تکمیل قرار دیا۔ 1