ایوان اسمبلی میں اپوزیشن کی تذلیل ناقابل قبول : داسوجو شراون
حیدرآباد 6 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ایم ایل سی داسوجو شراون نے کانگریس قائد راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے اسمبلی میں اپوزیشن کے خلاف کئے گئے غیر پارلیمانی ریمارکس کی سخت مذمت کی۔ انھوں نے کہاکہ سیاست میں قائدین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ نئی نسل کے لئے مشعل راہ بننے کی کوشش کرنی چاہئے۔ لیکن اسمبلی کے فلور پر اپوزیشن کے خلاف نامناسب اور تضحیک آمیز زبان استعمال کرکے جمہوری اقدار کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔ داسوجو شراون نے کہاکہ جہاں راہول گاندھی دہلی میں دستوری اخلاقیات اور شائستہ سیاست کی بات کرتے ہیں وہیں تلنگانہ میں کانگریس حکومت کا طرز عمل اس کے برعکس نظر آتا ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کرنا جمہوریت کے مندر کو وقار سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہاکہ سرپنچوں کو ڈرانے دھمکانے کے لئے بیہودہ زبان استعمال کی گئی۔ بچوں کے سامنے سابق چیف منسٹر کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے۔ شراون نے کہاکہ یہ انداز گفتگو کانگریس کی جانب سے پیش کئے جانے والے ’’محبت کی دکان‘‘ کے نعرے کے متصادم ہے۔ داسوجو شراون نے اپنے مکتوب میں سوال کیاکہ کانگریس کی حکمرانی کا نظریہ اداروں کو کمزور کرنا اور آئینی اقدار کو پامال کرنا ہے؟ بی آر ایس کے ایم ایل سی نے راہول گاندھی سے مطالبہ کیاکہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو سنبھالیں بصورت دیگر تلنگانہ کے عوام آئندہ انتخابات میں کانگریس کو مناسب جواب دیں گے۔2
