چیف منسٹر کے ماسک نہ لگانے پر گورنر حیرت زدہ

,

   

کے سی آر نے کھنڈوے کو ماسک بنالیا، راج بھون میں چیف منسٹر کو الجھن
حیدرآباد ۔2۔ جون (سیاست نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے لاک ڈاؤن اور اس کی تحدیدات پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ حکومت میں شامل افراد خود تحدیدات کی خلاف ورز ی کریں تو پھر عوام کو کس طرح ترغیب دی جاسکے گی ۔ راج بھون میں آج چیف منسٹر کے سی آر کو اس وقت الجھن کا سامنا کرنا پڑا جب گورنر ٹی سوندرا راجن نے ماسک کا استعمال نہ کرنے پر حیرت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر دیگر معززین کے ساتھ گورنر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے راج بھون پہنچے تھے۔ گورنر اور انکے شوہر دونوں ماسک لگائے ہوئے تھے ، اس کے علاوہ راج بھون کا سارا اسٹاف ماسک لگایا ہوا تھا ۔ چیف منسٹر کے سی آر ماسک کے بغیر تھے جبکہ ان کے ساتھ موجود بعض شخصیتیں ماسک لگائے ہوئے تھیں۔ گورنر نے چیف منسٹر کو ماسک کے بغیر دیکھتے ہی بتایا جاتا ہے کہ اشاروں میں حیرت کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے گلدستہ اور پھر پھلوں کا تحفہ پیش کیا اور گورنر کی نشست سے متصل صوفے پر بیٹھ گئے ۔ بات چیت کے دوران گورنر اور ان کے شوہر نے ماسک بدستور لگائے رکھا اور چیف منسٹر اس صورتحال سے کسی قدر الجھن میں پڑگئے اور انہوں نے اپنے گلے میں موجود کھنڈوے کو چہرے پر لپیٹ لیا۔ بات چیت کے دوران بارہا کھنڈوا چہرے سے نکل جاتا اور چیف منسٹر درست کرتے جاتے۔ راج بھون میں رہنے تک چیف منسٹر نے کھنڈوے کو ماسک کے طور پر استعمال کیا ۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں ہر شخص کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن چیف منسٹر گزشتہ کئی دنوں سے عوام کے درمیان نکلنے یا پھر سرکاری عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ماسک کے استعمال سے گریز کر رہے ہیں۔ گورنر کی جانب سے ماسک کی پابندی پر چیف منسٹر کو اپنا کھنڈوا ماسک کے طور پر استعمال کرنے کیلئے مجبور ہونا پڑا۔