چیف منسٹر کے وعدے صرف زبانی جمع خرچ

   

کلواکرتی کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا گیا، سابق رکن اسمبلی جئے پال یادو کی پریس کانفرنس
کلواکرتی 17 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک سال قبل کلواکرتی میں سابق مرکزی وزیر آنجہانی جئے پال ریڈی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد ایک جلسہ عام کو خطاب کیا تھا جس میں سڑک، دواخانے، کالجس، اسکولس اور دیگر ترقیاتی کاموں کے لئے سینکڑوں کروڑ روپیوں کا اعلان کیا لیکن آج اب تک زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ بھی نہیں کیا۔ یہ بات سابق ایم ایل اے کلواکرتی جئے پال یادو نے اپنی قیامگاہ پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہاکہ کے ایل آئی کے تحت D82 کنال کا کام جو بی آر ایس کے دور میں ہوا تھا، اس کے بعد ایک انچ بھی کام نہیں ہوا ہے۔ کوڑنگل کو میڈیکل کالج اور انجینئرنگ کالج کی منظوری دی، اسی طرح کلواکرتی کو بھی یہ دو کالجس دیں۔ پالمور رنگاریڈی کے تحت کوڑنگل اور نارائن پیٹ کو تقریباً 500 کروڑ روپئے دیں مگر کلواکرتی کو کچھ نہیں۔ کلواکرتی کی ترقی کے لئے سابق حکومت نے جو کیا تھا اُس کے بعد اب تک ایک بھی کام نہیں ہوا۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ کل چیف منسٹر دورہ کلواکرتی کے موقع پر ترقیاتی کاموں سے متعلق اعلانات کریں گے کیوں کہ چیف منسٹر کا آبائی وطن کے ساتھ ساتھ سیاسی کیرئیر کا بھی کلواکرتی سے ہی آغاز ہوا ہے۔ اس موقع پر سابق چیرمین، وائس چیرمین اور دیگر موجود تھے۔