چیف منسٹر کے پاس مقتول ڈاکٹر کے پسماندگان کیلئے وقت نہیں

   

آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کی مخالفت، پی سی سی ترجمان ستیش مادیگا کا بیان
حیدرآباد ۔4۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو شادیوں اور وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو فلم کی شوٹنگ سے فرصت نہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پردیش کانگریس کے ترجمان ستیش مادیگا نے دشا کے افراد خاندان سے چیف منسٹر کی ملاقات کے بارے میں عوام میں پھیلی ناراضگی کو جائز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ قومی میڈیا نے چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہریوں کے بارے میں ذمہ داری یاد دلائی ۔ اس کے باوجود کے سی آر نے دشا کے افراد خاندان سے ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس شادیوں میں شرکت کیلئے وقت ہے لیکن جس گھر میں خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئی ، اس خاندان سے کئی ہمدردی نہیں ۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ فلموں کی شوٹنگ میں حصہ لے رہے ہیں لیکن انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی زحمت نہیں کی۔ لیڈی ڈاکٹر کے قتل کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ خاطیوں کو جلد سے جلد سزا دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اسکولوں کو بند کرتے ہوئے شراب کی دوکانوں کی اجازت دے رہے ہیں۔ ریاست میں شراب کی فروخت عام ہوچکی ہے ، جس کے نتیجہ میں جرائم میں اضافہ ہورہا ہے ۔ قومی اور ریاستی شاہراہوں پر کھلے عام شراب فروخت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ذریعہ کے سی آر حکومت چلا رہے ہیں ، انہیں دستور اور جمہوری اصولوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کے سی آر حکومت کی پالیسیوں سے عاجز آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر انسانی ہمدردی کے جذبہ س عاری شخصیت ہیں۔ آر ٹی سی ہڑتال کے دوران 30 سے زائد ملازمین کی موت پر ہمدردی کا اظہار تک نہیں کیا۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ آر ٹی سی کے تحفظ کے لئے عوام پر بوجھ عائد کیا جارہا ہے۔ آر ٹی سی کرایوں میں زبردست اضافہ کیا گیا جو ناقابل قبول ہے۔ ستیش مادیگا نے کہا کہ نقصانات کی پا بجائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ جب کبھی کانگریس دور حکومت میں بس کرایوں میں اضافہ کیا گیا تو عوام نے اسے قبول کیا ۔ کیونکہ اضافہ معقولیت پر مبنی تھا لیکن کے سی آر حکومت نے بھاری بوجھ عائد کردیا ہے۔