چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ

   

میدک میں سال 2023 کیلنڈر کی رسم اجرائی، رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کا خطاب

میدک۔/13 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی میدک محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سنجیدہ رہتے ہیں کیونکہ ملازمین سرکار بھی حکومت کا ہی ایک حصہ ہیں، اور حکومت کی جانب سے احیاء کردہ تمام فلاحی پروگرامس کو عوام تک پہنچانے میں منتخبہ نمائندوں کے ساتھ برابر کے شریک رہتے ہیں۔ پدما دیویندرریڈی نے تلنگانہ بھون میں ضلع میدک کے سرکاری ملازمین کی جانب سے طباعت کردہ نئے سال 2023 کے کیلنڈرس اور ڈائریز کی رسم اجرائی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈائری کا بغور مشاہدہ کرتے ہوئے صدر ٹی این جی اوز ضلع میدک مسٹر ڈی نریندر کو مبارکباد پیش کی۔ رسم اجرائی تقریب کی صدارت ڈی نریندر نے کی۔ اس تقریب میں سابق صدر سنٹرل یونین متحدہ ریاست دیوی پرساد، صدر اسٹیٹ ٹی این جی اوز سنٹرل یونین جنرل سکریٹری مسرز ایم راجندر، آر پرتاب، رکن ٹی ایس پی ایس سی و سابق در سرکاری ملازمین سنٹرل یونین کے رویندر، ایڈیشنل کلکٹر مسٹر رمیش نے بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کی۔ مسٹر راجندر نے کہاکہ جی او 317 کے تحت ٹرانسفرس پر جانے والے میاں بیوی کے مسائل فوری حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جی او 317 میں پائے جانے والے نقائص کو دور کریں۔ اس طرح راجندر نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ پوری ریاست میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں پہلی تا 5 تارخ جاری کردیں، ڈی اے فی الفور جاری کریں۔ اس تقریب میں جنرل سکریٹری ضلع ٹی این جی اوز مسٹر مانک راجکمار، صدرنشین بلدیہ مسٹر ٹی چندراپال، ایگزیکیٹو انجینئر آبپاشی مسٹر سرینواس راؤ، ڈسٹرکٹ سیول سپلائز آفیسر مسٹر سرینواس، ڈسٹرکٹ سوشیل ویلفیر آفیسر وجئے لکشمی، سابق صدر ضلع میدک ٹی این جی اوز شام راؤ، سابق سکریٹری مسٹر جلہ سدھاکر کے علاوہ دیگر عہدیدار ٹی این جی اوز مسرز محمد اقبال پاشا۰، بٹی رمیش، منوہر، محمد افضل، محمد ارشد، ٹی رادھا، لیلا، وشنووردھن ریڈی، شیشا چاری، اے پربھاکر ، صلاح الدین، منجولا، شنکر کے علاوہ دیگر عہدیدار شریک تھے۔