چیف منسٹر گوا آج اکثریت ثابت کرنے کے خواہاں

   

گورنر کو مکتوب، اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی خواہش
پاناجی 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے نئے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری کے چند گھنٹوں بعد ہی پرمود ساونت نے کہاکہ اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے لئے ان کی حکومت چہارشنبہ کو خط اعتماد حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ساحلی ریاست میں بی جے پی زیرقیادت حکومت نے 21 ارکان اسمبلی کی تائید کا ادعا کیا ہے۔ جس میں حکمراں جماعت کے صرف 12 ارکان شامل ہیں۔ گوا فارورڈ پارٹی (جی ایف پی) اور مہاراشٹرا وادی گومانتک پارٹی (ایم جی پی) کے تین تین ارکان ہیں۔ چیف منسٹر منوہر پاریکر اور بی جے پی کے ایک اور رکن اسمبلی فرانسیس ڈی سوزا کے انتقال کے بعد 40 رکنی اسمبلی میں موجود ارکان کی تعداد 36 تک گھٹ گئی تھی۔ ان سے قبل کانگریس کے دو ارکان اسمبلی سبھاش شروڈکر اور دیانند سوپٹے نے استعفیٰ دیدیا تھا۔ ساونت نے چیف منسٹر کے عہدہ کا جائزہ لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’ہم نے گورنر مریدور سنہا کو مکتوب لکھا ہے جس میں چہارشنبہ کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ ایوان میں ہم اپنی اکثریت ثابت کرسکیں۔ ایوان میں اکثریت کے امتحان کا سامنا کرنے کے لئے ہم تیار ہیں‘۔ چیف منسٹر نے کہاکہ لبلبلہ کے کینسر کے سبب منوہر پاریکر کا انتقال ہوگیا تھا اور آنجہانی چیف منسٹر کی طرف سے شروع کردہ تمام پراجکٹوں کی تکمیل ہماری اولین ترجیح ہوگی۔ ساونت نے کہاکہ میرا مار بیچ پر پاریکر کی یادگار قائم کی جائے گی۔ اس مقام پر پیر کو مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ ان کی آخری رسومات انجام دی گئی تھیں۔