چیف منسٹر گوا کی امیت شاہ سے ملاقات ‘ کابینی رد و بدل پر غور و خوض

   

نئی دہلی 11 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر گوا پرمود ساونت نے آج بی جے پی صدر امیت شاہ اور دوسرے سینئر قائدین سے دہلی میں ملاقات کی ۔ کہا گیا ہے کہ انہوں نے اس ملاقات کے موقع پر اپنی کابینہ میں رد و بدل کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا ہے کیونکہ کانگریس کے 10 ارکان اسمبلی نے رسمی طور پر یہاں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔
ان ارکان اسمبلی نے کل ہی کانگریس سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا ۔ پرمود ساونت ان ارکان اسمبلی کے ساتھ آج دہلی پہونچے تھے اور انہوں نے امیت شاہ کے علاوہ پارٹی کے ورکنگ صدر جے پی نڈا سے بھی ملاقات کی ۔ حالانکہ ابھی باضابطہ طور پر یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ اس ملاقات میں کیا بات چیت ہوئی ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ 10 ارکان اسمبلی کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں اس لئے کابینہ میں رد و بدل ہوگا ۔ کانگریس سے انحراف کرکے بی جے پی میں شامل ہونے والے ارکان کو کابینہ میں شامل کرنے کیلئے پرمود ساونت کو اپنے کچھ موجودہ کابینی رفقاء کو خارج کرنا ہوگا جن میں اکثریت اتحادی جماعتوں کے اور آزاد ارکان کی ہے ۔ ان ارکان کی تائید گوا حکومت کے استحکام کیلئے ضروری تھی ۔ چونکہ 40 رکنی اسمبلی میں بی جے پی ارکان کی تعداد 27 تک پہونچ جائے گی ایسے میں بی جے پی کو اب حلیفوں پر انحصار کرنا نہیں پڑیگا ۔ چیف منسٹر پرمود ساونت کا ادعا ہے کہ کانگریس ارکان اسمبلی نے اپنی مرضی سے اور کسی شرط کے بغیر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے کیونکہ وہ ریاست میں ترقیاتی کاموں کو آگے برھانا چاہتے ہیں۔ بی جے پی میں شمولیت سے قبل قائد اپوزیشن رہنے والے چندر کانت کاولیکر نے کہا کہ وہ اپنے 9 ساتھی ارکان اسمبلی کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کوئی لالچ نہیں ہے بلکہ وہ اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی کام چاہتے ہیں۔