چنڈی گڑھ : ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال نے آج یہاں واقع اپنی رہائش گاہ پر کام کرنے والے ملازمین اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ دیوالی منائی۔اس موقع پر ریاستی پولیس کے جوانوں نے حب الوطنی کے گیت بھی گائے ۔ پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے گیت سنایا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ملک اور ریاست کے باشندوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام ملازمین کو دیوں کے اس تہوار کی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ تہوار تمام لوگوں کی زندگی میں نئی روشنی لے کرآئے اور ہماری ریاست ہمیشہ، خوش، خوشحال اور خوش قسمتی سے جگمگاتی رہے اور ہندوستان کے نقشے پر اپنی چمک بکھیرتی رہے ۔ انہوں نے کہا، ‘‘جوتصوررام راجیہ کے لئے راماین میں کیاگیا تھا اسی راستے پر ہمیں سماج کو آگے لے کرجانا ہے ۔ اس سے ایک صحت مند اور خوشحال ریاست کی تعمیر یقینی ہوسکے ۔ انہوں نے تمام لوگوں کے لئے اچھی صحت کی دعاکی۔اس موقع پر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل پی کے ۔ اگروال، محکمہ انٹیلی جنس کے سربراہ آلوک متل اور وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔
