چیف پوسٹ ماسٹر جنرل کی چیف کمشنر جی ایس ٹی سے ملاقات

   

انٹرنیشنل پارسلس کے عاجلانہ کلیئرنس کے لیے کسٹمس سے تعاون کی خواہش
حیدرآباد : 25 جولائی (سیاست نیوز) چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ سرکل ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی نے چیف کمشنر جی ایس ٹی اینڈ کسٹمس حیدرآباد زون سندیپ پرکاش آئی آر ایس سے ملاقات کی اور انٹرنیشنل پارسلس اور لیٹرس کی عاجلانہ کلیئرنس کے سلسلہ میں کسٹم عہدیداروں سے تعاون کی خواہش کی۔ پوسٹل ڈپارٹمنٹ انٹرنیشنل پارسلس اور لیٹرس کی عاجلانہ منتقلی کے لیے 100 دن کے ایکشن پلان پر عمل کررہا ہے۔ مرکزی وزارت کمیونکیشن نے یہ پلان ترتیب دیا ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ نے سنٹرل بورڈ آف انڈائرکٹ ٹیکسس اینڈ کسٹمس کے اشتراک سے ڈاک گھر نریات کیندر قائم کئے ہیں تاکہ درآمد کرنے والے چھوٹے تاجروں کی مدد کی جاسکے۔ تلنگانہ میں 33 ڈاک گھر نریات کیندر قائم کئے گئے جن کے ذریعہ چھوٹے تاجروں کے علاوہ متوسط صنعتوں، ہینڈی کرافٹ، آرٹیزم اور دیگر دستکاروں کو اپنی تیار کردہ اشیاء کی منتقلی اور دیگر ممالک سے اشیاء کی درآمد کی خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ الیکٹرانک کلیئرنس کے ذریعہ ان کی منظوری دی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھی تک تقریباً 7 ہزار بین الاقوامی پارسل درآمد کئے گئے۔ تلنگانہ پوسٹل سرکل نے 1.03 لاکھ انٹرنیشنل دستاویزات اور پارسل گزشتہ مالیاتی سال منتقل کئے تھے۔ 16 ہزار سے زائد صارفین نے پوسٹ آفس کے ذریعہ اس سہولت سے استفادہ کیا۔ حیدرآباد کے ہمایوں نگر کے علاقہ میں انٹرنیشنل بزنس سنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں انٹرنیشنل میل قبول کئے جائیں گے۔ مقامی فارن پوسٹ آفس کی مدد سے ان کی یکسوئی کی جائے گی اور عہدیداروں کے مطابق یہ سہولت عوام کے لیے فائدہ مند رہے گی۔ ریاست کے 825 پوسٹ آفسوں میں انٹرنیشنل میل کی کسی رکاوٹ کے بغیر بکنگ کی جاسکتی ہے۔ پوسٹ آفیسوں میں مزید سہولت کے لیے 31 پارسل پاکیجنگ یونٹس قائم کئے گئے ہیں۔ کسٹمس کے دستاویزات سے نمٹنے اور ان کی احتیاط سے منتقلی کے لیے اسٹاف کو ضروری ٹریننگ دی جارہی ہے۔ ملاقات کے موقع پر مس ٹی ایم سری لتا پوسٹ ماسٹر جنرل ہیڈکوارٹرس ریجن حیدرآباد، مس یو سائی پلوی ڈائرکٹر آف اکائونٹس پوسٹل تلنگانہ، مس وی سنگیتا پرنسپل کمشنر جی ایس ٹی حیدرآباد زون اور مسٹر گاندھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد جی ایس ٹی کمشنریٹ موجود تھے۔ 1