چینائی شہریت قانون کے خلاف احتجاج جاری

   

ریاست کے مختلف تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے متنازعہ قانون کی مخالفت
چینائی ۔26ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چینائی میں متنازعہ شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ اسی سلسلہ میں آج ایک بار پھر وسیع پیمانہ پر مخالف شہریت ترمیمی قانون احتجاج کیا گیا جس میں مختلف شعبہ حیات کے افراد نے شرکت کرتے ہوئے اس سیاہ قانون کے خلاف نعرے بازی کی اور مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ فوراً اس قانون کو واپس لے لیں ۔ مذکورہ احتجاجی ریالی میں مصنفین ، سماجی جہد کار نے بھی بڑے پیمانے پر شرکت کی جو مختلف سیاسی جماعتوں اور مختلف تنظیموں کی جانب سے نکالا گیا تھا ۔ سی پی آئی کے بزرگ لیڈر آر نلاکنم ، وی چیروتہیگل کٹچی ، لوک سبھا ایم پی تھولتھیرو ماولن ، ڈی ایم کے ایم پی اور سی پی آئی (ایم) کے سیاسی قائدین اور انڈین یونین مسلم لیگ اور دیگر سیاسی جماعتوں اور غیر سرکاری تنظیموں کے ارکان نے اس احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے مخالف شہریت قانون کے خلاف نعرے بازی کی ۔ احتجاجیوں نے برسراقتدار جماعت اے آئی اے ڈی ایم کے پر شدید تنقید کی جنہوں نے متنازعہ ترمیمی قانون کی پارلیمنٹ میں حمایت کی ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ متنازعہ قانون کے خلاف ملک بھر میں متواتر احتجاج اور ریالیاں نکالی جارہی ہیں ۔