چینائی میں مودی کے دورہ سے قبل سیاسی جھڑپ، وائیکو گرفتار

   

کنیا کماری (ٹاملناڈو) ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایم ڈی ایم کے لیڈر وائیکو اور اُن کے متعدد حامیوں کو آج گرفتار کیا گیا جبکہ بی جے پی اور ایم ڈی ایم کے کارکنان میں اضلاع تیرونلویلی اور کنیاکماری کی سرحد پر کاول کینارو علاقہ میں جھڑپ ہوئی۔ پولیس نے کہاکہ وائیکو نے اعلان کیا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے دورۂ ٹاملناڈو کے خلاف بطور احتجاج سیاہ پرچم دکھائے جائیں گے۔ وہ اپنے حامیوں کے ساتھ کاول کینارو کے پاس جمع ہوئے اور ریاست کو مختلف مسائل بشمول کاویری پر مرکزی حکومت کی جانب سے مبینہ دغابازی کی تفصیل پیش کی۔ وائیکو کی تقریر جاری ہی تھی کہ بی جے پی کے کیڈر کی ایم ڈی ایم کے کارکنوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی اور ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا۔ پولیس حرکت میں آئی اور وائیکو اور اُن کے پارٹی ورکرس کو حراست میں لے لیا۔ ایم ڈی ایم کے والوں نے پلے کارڈس تھامے رکھے تھے جن پر تحریر کیا گیا کہ مودی واپس جاؤ کیوں کہ تم نے ٹاملوں کو دھوکہ دیا۔ پولیس نے کہاکہ بی جے پی کارکنوں نے وائیکو کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا اور کہاکہ وہ مرکزی حکومت کے تعلق سے جھوٹی باتیں پھیلارہے ہیں۔