چینائی کے بشمول چار اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ، اشیائے ضروریہ کی دکانات کھلی رہیں گی۔

,

   

چینائی (تامل ناڈو): ریاستی حکومت نے چینائی کے بشمول چار اضلاع چھنگل پٹو، کانچی پورم اورتری ویلور میں 15 جون سے 30 جون تک لا ک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس لاک ڈاؤن میں اشیائے ضروریہ کی دکانات کھلی رہیں گی۔ ہاسپٹلس، میڈیکل شاپس کھلے رہیں گے۔ایمبولینس کی اجازت رہے گی۔ دفاتر میں 33 فیصد عملہ کام کرے گا۔ ہوٹلس او رریسٹورینٹس میں صرف پارسل خدمات جاری رہیں گی۔ اماں کنٹین اور مستحق افراد کو کھانا فراہم کرنے والا شعبہ کھلا رہے گا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیاکام کرے گا۔

غیر سرکاری تنظیمیں (این جی او) اور دیگر تنظیمیں جو فلاحی کام انجام دیتے ہیں وہ بعد اجازت نامہ کے کام کرسکیں گے۔ سرکاری بسوں کو چلنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ ٹیکسی اور آٹوز کو بھی اجازت نہیں ہے مگر میڈیکل ایمرجنسی کو اجازت رہے گی۔ چائے کی دکانات بند رہیں گی۔ وہ تعمیری سرگرمیاں جو مزدوروں کو تعمیری مقام میں رہنے کی جگہ فراہم نہ کرتا ہو توتعمیری سرگرمیاں لاک ڈاؤن میں بند رہیں گی۔ کرانہ اشیاء کی دکانات، ترکاری کی دکانات، پٹرول پمپس اور موبائیل مارکٹ صبح 6بجے تا دوپہر 2 بجے تک کھلی رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں سے صرف اندرون دو کیلو میٹر کے فاصلہ سے ہی اشیائے ضروریہ کی خریداری کریں۔