چین:پانچ افراد کو سزائے موت

   

شنزن، 4نومبر (یو این آئی) چین کی ایک عدالت نے پانچ افراد کو مختلف جرائم کے تحت موت کی سزا سنائی ہے ۔ گوانگ دونگ صوبے میں شنزین انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ کی جانب سے پیر کے روز سنائے گئے فیصلے کے مطابق یہ گینگ مار پیٹ ،اذیت رسانی اور قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھا۔ گینگ کی مجرمانہ سرگرمیوں کے سبب چھ چینی شہری ہلاک ہوئے ، جبکہ ایک شخص نے گینگ کی ہراسانی سے تنگ آ کر خودکشی کر لی، گروہ کے ہاتھوں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ۔ یہ گینگ شمالی میانمار سے کام کرتا تھا، جرائم کی سنگینی اور معاشرے پر ان کے مضر اثرات کی وجہ سے مجرموں کو سزائے موت دی گئی ہے ۔
افغانستان زلزلہ:اموات کی
تعداد 20ہوگئی
کابل، 4نومبر (یو این آئی) افغانستان کے شمالی حصے میں شدید زلزلے کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد کم از کم 20 ہوگئی جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔ افغان وزارتِ صحت کے ترجمان شرفات زمان نے صحافیوں کو بتایا کہ اب تک موصول ہونے والی معلومات کے مطابق 534 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 20 سے زائد لاشیں صوبہ سمنگان اور بلخ کے ہسپتالوں میں لائی گئی ہیں۔ مزارِ شریف میں ‘اے ایف پی’ کے نمائندے نے بتایا کہ زلزلے کے بعد شہری گھبراہٹ کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے ۔ شہر کی مشہور فیروزی ٹائلوں سے مزین نیلی مسجد جو 15ویں صدی کی ایک تاریخی یادگار ہے کو بھی نقصان پہنچا، مسجد کے کچھ حصوں بالخصوص ایک مینار کا حصہ ٹوٹ کر صحن میں بکھر گیا، یہ مقام افغانستان کے چند باقی ماندہ سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔