لندن : چینی جوہری آبدوز غیر ملکی بحری جہازوں کو پھنسانے کے لیے بچھائے گئے اپنے ہی جال میں پھنس گئی جس کے نتیجے میں 55 اہلکار ہلاک ہو گئے۔برطانیہ کی انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق چین کی جوہری آبدوز یلو سی میں غیر ملکی بحری جہازوں کے لیے بچھائے گئے جال یعنی زنجیر اور لنگرمیں پھنس گئی جس کے نتیجے میں آبدوز کے آکسیجن سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا جس کے باعث پوری آبدوز میں زہریلی گیس پھیل گئی۔برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ میں چینی بحریہ کے کم از کم 55 اہلکار ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں آبدوز کا کپتان اور چینی بحریہ کے 21 دیگر افسران بھی شامل ہیں۔چین کی جانب سے اس قسم کے کسی بھی حادثہ کی تردید کی گئی ہے اور بیجنگ نے اس بات سے بھی انکار کیا ہے کہ انہوں نے پھنسی ہوئی آبدوز کے لیے کسی قسم کی بین الاقوامی امداد کی درخواست کی تھی۔تاہم برطانیہ کی انٹیلی جنس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چینی بحریہ کو حادثہ 21 اگست کے روز پیش آیا جس میں 22 افسران کے علاوہ 7 کیڈٹ آفیسر، 9 پیٹی آفیسر اور 17 ملاح ہلاک ہوئے۔برطانوی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چینی آبدوز چین کی جانب سے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے بحری جہازوں کے لیے بچھائے گئے زنجیرو ںاور لنگرکے جال سے ٹکرائی جس کے باعث آبدوز کے اندر کا آکسیجن سسٹم بری طرح متاثر ہوا اور 6 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آبدوز کو سطح سمندر پر لایا گیا۔