چینی اشیاء کے بائیکاٹ کیلئے مرکزی حکومت فیصلہ کرے: ڈاکٹر نارائنا

   

کشن ریڈی اور دیگر وزراء کی جانب سے بائیکاٹ کی اپیل عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔ سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی کی جانب سے چینی اشیاء کے بائیکاٹ کی اپیل کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک سیاسی پارٹی کی حیثیت سے اگر عوام سے یہ اپیل کرے تو قابل قبول ہے لیکن کشن ریڈی اور دیگر مرکزی وزراء کی جانب سے اس طرح کی اپیل محض دکھاوا اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی افواج کے ہاتھوں تلنگانہ کے کرنل سنتوش بابو اور دیگر 19 جوانوں کی موت پر سارے ملک میں ناراضگی کا ماحول ہے اور چین کی اس حرکت پر عوام برہم ہیں۔ ان حالات میں کشن ریڈی نے عوام سے چینی اشیاء کے بائیکاٹ کی اپیل کی۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ کشن ریڈی و دیگر مرکزی وزراء حکومت میں رہتے ہوئے محض اس طرح کی اپیلوں کے بجائے حکومت پر دباؤ بنائیں اور مرکزی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں قرارداد کی منظوری عمل میں لائی جائے۔ سرکاری سطح پر بائیکاٹ کے فیصلہ کا ملک میں بہتر اثر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزراء کو چاہیئے کہ وہ محض بیان بازی کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی سے چینی اشیاء کے بائیکاٹ کے فیصلہ کا اعلان کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزراء کی جانب سے اس طرح کے بیانات عوام کو دھوکہ دینے کے مترادف ہیں۔ کشن ریڈی اور دیگر مرکزی وزراء کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے حکومت کی سطح پر چینی اشیاء کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرنا چاہیئے۔ جب تک حکومت کی سطح پر فیصلہ نہیں ہوگا اس وقت تک بیان بازی سے کچھ حاصل نہیں۔ بیانات کے ذریعہ عوام کو وقتی طور پر مطمئن کیا جاسکتا ہے لیکن چینی اشیاء کے بائیکاٹ کے بارے میں کوئی ٹھوس پیشرفت نہیں ہوپائے گی۔