رام پور۔14 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں رام پور کے مشہور نوابی خاندان کی بیٹی مہرالنساء خان کی تصویر والا مینو کارڈ ہندوستانی سفیر کے اعتراض کے بعد چین میں شنگھائی کے مسالحہ آرٹ ریستوراںسے ہٹوا دیا ہے ۔سابق وزیر نواب کاظم علی خاں عرف نوید میاں کے اعتراض کے بعد چین میں ہندوستان کے سفیر وکرم مصری نے شنگھائی میں کونسلیٹ جنرل آف انڈیا کے ذریعہ ریستوراںکے مالک کو طلب کرکے یہ کارروائی عمل میں لائی۔ ریستوراںکے مالک نے شاہی خاندان کے جذبات مجروح کئے جانے کیلئے افسوس کا اظہار کیا ہے اور مستقبل میں کبھی بھی ایسا نہ کرنے کی یقینی دہانی کی ہے ۔مہرالنساء خان ران پور کے حکمراں رہے نوان رضا علی خان کی بیٹی ہیں۔ مصری نے سابق وزیر نواب کاظم علی خان کے ذریعہ 10جون کو بھیجے گئے خط کاجواب 12 جون کو بھیجا ہے ۔سابق وزیر کے پی آر او کاشف خان نے بتایا کہ جمعہ کو دیر رات سفیر کا خط ای میل کے ذریعہ سے حاصل ہوا ہے ۔اس خط میں چین میں ہندوستان کے سفیر نے نواب زادی مہرالنساء خان کی تصویر مینو کارڈ پر چھاپے جانے کے سلسلے میں نواب کاظم علی خان کے ذریعہ درج کرائے گئے اعتراض پر کی گئی کارروائی سے مطلع کرایا ہے ۔سفیر کے خط میں لکھا ہے ، ’’شنگھائی میں ہمارے کونسل جنرل نے فوراً ریستوراںکے مالک کو طلب کرکے یہ معاملہ اٹھایا ۔ ریستوراںمالک نے تصدیق کی ہے کہ ان مینو کارڈس کو فوری طورپر واپس لے لیا گیا ہے اور آگے بھی اس کا کوئی اور استعمال نہیں کیا جائے گا‘‘۔