چینی سمندر میں امریکی ہیلی کاپٹر اور جیٹ طیارے کا حادثہ

   

بیجنگ ۔27 اکتوبر (ایجنسیز) امریکی بحریہ کے دو طیارے جنوبی چین کے سمندر میں علیحدہ واقعات میں گرکر تباہ ہو گئے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ پہلا حادثہ ایم ایچ ساٹھ آر سی ہاک ہیلی کاپٹر کے ساتھ پیش آیا، جو طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس نیمٹز سے معمول کی کارروائیوں کے دوران سمندر میں گرگیا۔امریکی بحریہ کے بحرالکاہل بیڑے کی جانب سے ج جاری کردہ بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تینوں عہدیداروں کو تلاش اور بچاؤ ٹیموں نے بحفاظت نکال لیا۔تقریباً آدھے گھنٹے بعد ایک اور واقعہ پیش آیا، جب بوئنگ ایف/اے اٹھارہ ایف سوپر ہارنیٹ لڑاکا طیارہ بھی اسی سمندر میں گرگیا۔ یہ طیارہ بھی یو ایس ایس نیمٹز سے معمول کی پرواز انجام دے رہا تھا۔بیان کے مطابق طیارے میں موجود دونوں پائلٹوں نے ایمرجنسی کے دوران طیارے سے چھلانگ لگا دی اور انہیں بھی بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔امریکی بحریہ کے مطابق تمام افراد محفوظ اور مستحکم حالت میں ہیں۔ دونوں حادثات کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔یہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اپنے دوسرے دورِ صدارت کے دوران پہلی بار ایشیا کے دورے پر ہیں، جبکہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ بھی جلد ہی اپنے کثیر ملکی ایشیائی دورے کا آغاز کرنے والے ہیں۔ اس سال کے اوائل میں بھی امریکی بحریہ کے دو جنگی طیارے یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین طیارہ بردار جہاز سے مشرقِ وسطیٰ میں کارروائیوں کے دوران سمندر میں گرگئے تھے۔ایک ہی دن چند گھنٹوں کے اندار دو امریکی طیارہ کے حادثات کے بعد تحقیقات تیز کردی گئی ہیں ۔