بیجنگ : پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی کو بھی پاکستان چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے اور چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔اتوار کو چین کے شہر گوانگڑو میں اپنے چینی ہم منصب وانگ ڑی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ چین کے پہلے دورے پر انہیں بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔’شاندار میزبانی پر چین کا شکرگزار ہوں، پاکستان اور چین کی لازوال دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔‘بلاول بھٹو زرداری نے چینی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ اس میں کئی عالمی ایشوز پر بات کی گئی جس میں موسمیاتی تبدیلی اور دہشت گردی بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چین کے وزیرخارجہ کے ساتھ دو طرفہ تجارتی، اقتصادی تعلقات اور سرمایہ کاری پر بھی مفید تبادلہ خیال ہوا ہے۔پاکستانی وزیر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کی جانب سے چین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام لائے ہیں۔ان کے مطابق ’میرا دورہ دو طرفہ تعلقات کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر بہت اہمیت کا حامل ہے۔‘