چینی صدر کا دورہ مراقش اورولیعہد سے ملاقات

   

رباط: حالیہ برسوں کے دوران مراقش کے بنیادی ڈھانچے اور محکمہ ریلوے میں چین کی سرمایہ کاری میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ جی 20 سربراہی اجلاس کے اختتام کے بعد چینی صدر ژی جن پنگ رباط پہنچے۔ مراقش کے سرکاری میڈیا کے مطابق چین کے صدر ژی جن پنگ جمعرات کو اپنے مختصر دورہ پر مراقش پہنچے۔مراقش کے ولیعہد شہزادہ مولائے الحسن نے ژی جن پنگ کا کیسابلانکا میں استقبال کیا۔اس دورہ کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور یکجہتی کے مضبوط بندھن کی عکاسی قرار دیا۔اس کے بعد چینی صدر نے مراقش کی حکومت کے سربراہ عزیز اجانوش سے ملاقات کی اور پھر رائل گارڈ کی طرف سے اعزاز حاصل کرنے کیلئے روانہ ہو گئے۔ چینی صدر G-20 سربراہی اجلاس کیلئے برازیل کے دورہ پر تھے اور اس اجلاس کے خاتمہ کے بعد وہ مراقش پہنچے۔چینی صدر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت ہوا ہے، جب چین نے مراقش کے انفراسٹرکچر اور ریلوے میں اپنی سرمایہ کاری میں کافی اضافہ کیا ہے۔مراقش یورپ سے کافی قریب یعنی اسپین کے پڑوس میں واقع ہے اور امریکہ اور یورپی یونین کے ساتھ اس کے آزاد تجارتی معاہدوں کے سبب چین کیلئے بھی مینوفیکچررز سمیت الیکٹرک گاڑیوں کے کاروبار کیلئے یہ ایک منافع بخش مارکٹ بن چکا ہے۔