واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہیکہ کئی روز تک امریکی فضائی حدود میں پرواز کرتے رہنے والا چینی غبارہ، 40ممالک کو نشانہ بنانے والے ایک بڑے نگرانی کے پروگرام کا حصہ تھا۔ ایک سینئر امریکی اہلکار نے 9 فروری کو کہا کہ امریکہ نے گزشتہ ہفتے جس چینی غبارے کو مار گرایا، وہ ایسے غباروں کے اس بڑے بیڑے کا ایک حصہ تھا، جسے بیجنگ نے انٹلیجنس معلومات جمع کرنے کیلئے 5 براعظموں کے 40 سے زائد ممالک کو بھیجا تھا۔تاہم بیجنگ نے ان امریکی دعووں کو مسترد کردیا ہے اور اس کا کہنا کہ ہیکہ پچھلے ہفتے امریکی فضائی حدود پر دیکھا گیا غبارہ صرف ’’موسمیات‘‘ کے مقاصد کیلئے تھا۔ چین نے اسے مار گرائے جانے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار نے ایک بیان میں کہا کہ تفصیلی تصاویر سے صاف ظاہر ہوتا ہیکہ غبارہ واضح طورپر انٹلیجنس نگرانی کیلئے تھا اور یہ موسمیات سے متعلق غباروں میں نصب آلات سے مطابقت نہیں رکھتا ہے۔ اہلکار نے کہا اس میں متعدد قسم کے اینٹینا تھے، جو ممکنہ طور پر مقامات کی معلومات اور مواصلات کی تفصیلات جمع کرنے جیسی صلاحیت رکھتے تھے۔ اہلکار کے مطابق امریکہ کو اس بات کا بھی یقین ہیکہ غبارہ بنانے والے کا براہ راست تعلق چین کی ’پیپلز لبریشن آرمی‘ سے ہے۔