چینی مانجھے سے پولیس ملازم اور ضعیف خاتون زخمی

   

پولیس کی چوکسی کے باوجود مسلسل واقعات سے تشویش
حیدرآباد 13 جنوری (سیاست نیوز) شہر میں چائنیز مانجھے کی زد میں آنے والے افراد کا سلسلہ جاری ہے۔ آج تازہ ترین 2 واقعات پیش آئے جن میں ایک پولیس ملازم اور ایک معمر خاتون زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق نلہ کنٹہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر ناگراجو چائنیز مانجھے سے زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ اُپل میں اپنے گھر سے نمائش کو ڈیوٹی کے لئے نکل رہا تھا۔ اُپل پولیس اسٹیشن حدود میں جنوبی سروپ نگر کے قریب شام کے وقت مانجھا اے ایس آئی کے گلے سے اُلجھ گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر ایل بی نگر کے ایک خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔اِسی قسم کا ایک واقعہ میرپیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا جہاں الماس گوڑہ مین روڈ سے گزر رہی ایک 70 سالہ معمر خاتون کا پیر اچانک چائنیز مانجھے میں اُلجھ گیا۔ جس کے سبب وہ شدید زخمی ہوگئی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر زخمی خاتون کو قریبی خانگی دواخانہ منتقل کیا جہاں اُس کا علاج جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے مسلسل چوکسی کے باوجود واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ب