چینی وزیراعظم لی کیانگ کاسرکاری دورہ سعودی عرب

   

ریاض : سعودی ولی عہد نے چہارشنبہ کو ریاض کے دیوان الملکی میں چینی وزیراعظم لی کیانگ کا خیرمقدم کیا ہے۔ چینی وزیراعظم کے اعزاز میں سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں سعودی شاہی اور چین کا قومی ترانہ بجایا گیا۔بعد ازاں سعودی ولی عہد اور چینی وزیراعظم نے باضابطہ بات چیت کی۔شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی وزیراعظم اوران کے وفد کو مملکت میں خوش آمدید کہا اور ان کے خوشگوار قیام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چینی وزیراعظم نے مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ تعاون کے پہلوؤں خاص طور پر سیاسی اور سکیورٹی پہلوؤں، تجارتی مواقع، توانائی، سرمایہ کاری، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے علاوہ خطے اور بین الاقوامی صورتحال اور اس حوالے سے دونوں ملکوں کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں قائدین نے سعودی ۔چینی اعلی سطح کی کمیٹی کے چوتھے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے۔اس موقع پر سعودی نیشنل گارڈ کے وزیر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے وزیر اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان دیگر وزرا اور اعلی حکام بھی موجود تھے۔ چینی وزیراعظم اعلی سطح کے سعودی چینی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کو سعودی عرب پہنچے ہیں۔ اس ہفتے وہ عرب امارات کا بھی دورہ کرنے والے ہیں۔