چینی وزیر اعظم کی امریکہ کو مذاکرات کی پیشکش ’’تعاون کو تصادم پر ترجیح دیں‘‘

   

بیجنگ: چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو تصادم کے بجائے مشترکہ ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔یہ بیان بیجنگ میں ایک اہم اجلاس کے دوران سامنے آیا، جس میں امریکی کاروباری شخصیات اور سینیٹر اسٹیو ڈینز شریک تھے۔ ڈینز صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں، اور ان کے اس دورے کو چین-امریکہ تعلقات میں بہتری کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔لی چیانگ نے کہا کہ “ہمیں تصادم کے بجائے مذاکرات، اور صفر جمع مقابلے کے بجائے مشترکہ فائدے کی راہ اختیار کرنی چاہیے”۔ اجلاس میں فیڈ ایکس، فائزر اور کوالکوم جیسی بڑی امریکی کمپنیوں کے سی ای اوز بھی موجود تھے۔چینی وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بیجنگ عالمی اقتصادی استحکام کا خواہاں ہے، اور امریکہ کو بھی چین کے ساتھ بہتر تعلقات کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔