چینی کمپنیوں پر امریکی پابندی ، انتقامی کارروائی کی چین کی دھمکی

   

Ferty9 Clinic

بیجنگ: امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے چینی کمپنیوں میں امریکیوں کو سرمایہ کاری سے روکنے کے لیے بلیک لسٹڈ کمپنیوں کی فہرست میں توسیع کے بعد چین نے امریکہ پر چینی کمپنیوں کو ‘دبانے’ کا الزام لگایا اور انتقامی کارروائی کی دھمکی دی۔ رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن نے دو روز قبل فہرست کو 59 چینی کمپنیوں تک بڑھا دیا تھا جو بیجنگ کے فوجی ۔ صنعتی کمپلیکس سے تعلق ہونے پر امریکی سرمایہ کاروں کی حدود سے باہر ہیں کیونکہ امریکہ، ایشیائی سپر پاور پر دباؤ کی مہم برقرار رکھے ہوئے ہے۔اس سے قبل سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نومبر میں 31 چینی کمپنیوں کی ایک فہرست جاری کی تھی جن کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ چین کی فوج اور سیکیورٹی اداروں کی مدد کر رہی ہیں، رواں سال کے آغاز میں اس فہرست میں مزید کمپنیوں کو شامل کیا گیا تھا۔تاہم قانونی چیلنجز کے بعد جو بائیڈن کی ٹیم نے بلیک لسٹ کا جائزہ لیا اور کچھ نام حذف کرکے بالآخر اس میں توسیع کردی۔اس فہرست میں کئی کمپنیاں پہلے سے شامل کمپنیوں کی ذیلی کمپنیاں ہیں۔وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پابندیوں میں ان کمپنیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو چینی نگراں ٹیکنالوجی میں کردار ادا کر رہی ہیں۔