بیجنگ : افغانستان سے غیر ملکی دستوں کے انخلا کے بعد چین اس ملک کے ساتھ اپنا سکیورٹی اور اقتصادی تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس سلسلے میں گزشتہ روز چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی ایک آن لائن کانفرنس ہوئی۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ غیر ملکی دستوں کے انخلا کا عمل ذمہ دارانہ انداز میں مکمل ہونا چاہیے۔ تینوں ممالک کے وزراء اس پر بھی متفق تھے کہ انخلا کے بعد دہشت گرد گروپوں کو دوبارہ مضبوط نہ ہونے دیا جائے۔ چین افغانستان میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے تاہم وہاں ابھی تک سلامتی کی ابتر صورت حال کے باعث کئی منصوبوں کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔
