نئی دہلی: نارتھ اٹلانٹک ٹریٹی آرگنائزیشن (ناٹو) نے چین کو آنے والے دہے میں سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔ وہ ایک منظم طریقہ سے دنیا کی بڑی طاقتوں کے ساتھ دشمنی کررہا ہے۔ ناٹو نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا کہ چین جمہوری سوسائٹیوں کیلئے بہت بڑا چیلنج بن جائے گا چونکہ وہ اپنے توسیع پسندانہ عزائم کے ساتھ علاقوں پر قبضہ کرتا جارہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ چین خالص معاشی محاذ پر مضبوط ہورہا ہے۔ صرف ایشیاء میں سیکوریٹی پر توجہ رکھتا ہے۔ یورو اٹلانٹک کیلئے چین سے فوری طور پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ روس کے ساتھ اس کے دفاعی تعلقات گہرے ہوتے جارہے ہیں۔ وہ طویل فاصلے والے میزائل طیارے، ایرکرافٹ کیریئر اور نیوکلیئر حملے والے زیرسمندر کشتیاں تیار کررہا ہے۔ ناٹو حلیفوں کا احساس ہیکہ چین دن بدن اثر انگیز ہوتا جارہا ہے۔ ہر علاقہ پر اس کا دبدبہ بڑھ رہا ہے۔ وہ اپنے راستوں، سڑکوں، پولارسلک روڈ اور سائبرسلک روڈمیں تیزی سے توسیع لارہا ہے۔