چین ’انسانی حقوق‘ کی نئی تعریف متعارف کرانے کوشاں

   

بیجنگ ۔ 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین عالمی سطح پر انسانی حقوق کی ایک نئی تعریف اور تشریح متعارف کرانے کوشاں ہے۔ اس مناسبت سے چینی دارالحکومت بیجنگ میں انسانی حقوق کے ’ساؤتھ ساؤتھ ہیومن رائٹس فورم‘ کا دو روزہ اجلاس ختم ہو گیا ہے۔ اس فورم کے مختلف سیشنز میں چینی صدر ژی جن پنگ کے انسانی حقوق کے تصور کو بیان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چینی نائب وزیر خارجہ ما ڑوائوشو نے واضح کیا کہ دنیا کے ہر ملک کے عوام انسانی حقوق کے ترقیاتی راستے کا تعین کرنے کی مجاز ہیں۔ اس اجلاس میں شمالی کوریا، شام اور پاکستان کے مندوبین بھی شریک تھے۔ فورم میں شامی صدر کے ایک مشیر نے کہا کہ چین ترقی پذیر ممالک میں انسانی حقوق کی نئی تعریف کے عمل کو تقویت دے سکتا ہے۔