بیجنگ۔ 18 اکتوبر (یو این آئی) چین اور امریکہ نے اتفاق کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتہ تجارتی مذاکرات کا ایک اور دور منعقد کریں گے ، دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتیں ایک اور نقصان دہ محصولات کی جنگ سے بچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے بیجنگ نے نایاب معدنیات کی اہم صنعت پر وسیع پیمانے پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے جواب میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین سے درآمدات پر 100 فیصد محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اس ماہ جنوبی کوریا میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سمٹ کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے متوقع ملاقات منسوخ کرسکتے ہیں۔ تاہم، تازہ پیش رفت میں تنازع کے حل کی کوششوں کے اشارے ملے ہیں۔ چینی سرکاری میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ نائب وزیرِ اعظم ہی لی فینگ اور امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے درمیان ہفتے کی صبح ‘کھلے ، گہرے اور تعمیری مذاکرات’ ہوئے اور دونوں فریقوں نے جلد از جلد ایک نئے دور کے تجارتی مذاکرات پر اتفاق کرلیا۔ سوشل میڈیا پر بیسنٹ نے گفتگو کو واضح اور تفصیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اگلے ہفتہ بالمشافہ ملاقات کریں گے تاکہ مذاکرات جاری رکھے جا سکیں۔