بیجنگ ۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ دو ماہ قبل امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کے خاتمہ پر ہونے والی بات چیت ناکام ہوگئی ہے، فریقین اب اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ بات چیت کا منگل سے ایک بار پھر آغاز کیا جائے جن میں چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے سے متعلق پیدا ہوئے تنازعہ پر بھی بات چیت کرنا شامل ہے۔ یاد رہیکہ چین اور امریکہ کے درمیان آخری بار بات چیت مئی میں ہوئی تھی اور اس وقت تنازعہ سنگین نوعیت اختیار کر گیا تھا جب ٹرمپ انتظامیہ نے چین کی کلیدی ٹکنالوجی کمپنی ہواوے کو امریکی ٹکنالوجی کی فروخت سے انکار کرتے ہوئے اس پر تحدیدات عائد کردی تھی۔ توقع کی جارہی ہیکہ امریکی مذاکرات کار وزیرمالیات اسٹوین نوچن اور امریکی تجارتی نمائندہ رابرٹ لائیٹھزر اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ منگل اور چہارشنبہ کو شنگھائی میں ملاقات کرنے والے ہیں۔
