چین اور امریکہ کے درمیان موسمیات پر بات چیت

   

بیجنگ : بیجنگ میں چین اور امریکہ نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے پر بات چیت کی ہے۔ چینی وزارت ماحولیات و حیاتیات نے بتایا کہ چین کے خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی شائی ڑین ہوا اور ان کے امریکی ہم منصب جان کیری کے درمیان بیجنگ میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سربراہان مملکت کے درمیان بالی ملاقات میں طے شدہ اتفاق رائے پرعملدرآمد اور موسمیاتی تبدیلی سے مشترکہ طور پر نمٹنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موسمیاتی تبدیلی انسانیت کو درپیش ایک مشترکہ مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کا ملکر کام کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے۔دونوں فریقین کی جانب سے چین-امریکہ موسمیاتی بحران سے نمٹنے کا مشترکہ بیان اور 2020 کی دہائی میں موسمیاتی کارروائی میں اضافہ بارے چین۔ امریکہ گلاسگو مشترکہ اعلامیہ پر عملدرآمد سے متعلق واضح، گہری اور تعمیری گفتگو ہوئی۔ فریقین نے بات چیت کے دوران موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے بارے اپنی اپنی پالیسیوں، اقدامات اور ان پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے کثیر الجہتی عمل کے مشترکہ فروغ، موسمیاتی تبدیلی بارے اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن اور پیرس معاہدہ کے اہداف اور اصولوں کی پاسداری جاری رکھنے اور فریقین کی کانفرنس (کوپ 28) کے 28 ویں اجلاس کی کامیابی پر زور دینے کو تیار ہیں۔ فریقین نے موسمیاتی تبدیلی پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔