چین اور ہندوستان کا لداخ میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق

   

گلوان وادی۔ ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان لداخ میں جھڑپ کے ایک ہفتے بعد دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔میڈیا کے مطابق چین اور ہندوستان کے اعلیٰ فوجی کمانڈرز کے درمیان مذاکرات کے بعد چین کے وزیر خارجہ زہاؤ لیجیان نے کہا ہے کہ دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے پیر کے روز ہندوستان اور چین کے فوجی کمانڈرز کی ملاقات ہوئی تھی۔خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ملاقات کمانڈر 14 کور لیفٹننٹ جنرل ہریندر سنگھ اور تبت ملٹری ڈسٹرکٹ کے کمانڈر میجر جنرل لیو لن کے درمیان ہوئی تھی۔ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چین کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس ملاقات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے اختلاف ختم اور مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنا چاہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے فوجی کمانڈرز نے سرحدی علاقوں میں قیام امن کے حوالے سے اپنے خیالات کا تبادلہ کیا اور بات چیت جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔