بیجنگ : جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانسیسی صدر نے اپنے چینی ہم منصب ژی جن پنگ کے ساتھ بات چیت میں انسانی حقوق اور ماحولیات جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ چین اور ان ممالک کے درمیان فضائی سفر جلد ہی بحال ہونے کی توقع ہے۔چینی صدر شی جن پنگ نے چھ جولائی پیر کے روز جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات چیت کی اور چین اور یورپ کے درمیان تعلقات میں بہتری پر زور دیا۔دوسری جانب اس ورچوول میٹنگ کے دوران جرمن چانسلر انجیلا مرکل اور فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں نے چین میں انسانی حقوق اور ماحولیات سے متعلق مسائل کو اٹھایا۔ ان رہنماؤں کے درمیان یہ گفتگو ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب ہانگ کانگ اور ایغور مسلم اقلیتوں کے تعلق سے چین کے بڑھتے ہوئے آمرانہ رویے سے یورپ اور چین کے درمیان تعلقات قدر ے کشیدہ ہیں۔
