لندن ۔ /3 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے بعد برطانیہ نے چین کو خبردار کیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ میں قومی سلامتی سے متعلق قانون کے معاملے پر اپنے مبینہ آمرانہ اقدامات سے باز رہے، ورنہ اتحاد بنا کر مزاحمت کی جائے گی۔برطانیہ کے وزیرخارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ ابھی وقت ہے کہ چین اپنے موقف سے پیچھے ہٹے، وہ ہانگ کانگ کی خودمختاری کااحترام اور اپنی عالمی ذمہ داریوں کا لحاظ کرے۔ڈومینک راب نے کہا کہ اگر چین نے ایسا نہ کیا تو یہ ایشیا کے اقتصادی تاج میں جڑے سب سے قیمتی پتھر کو چکنا چور کرنے کے مترادف ہوگا۔واضح رہے کہ چین نے حال ہی میں ہانگ کانگ سے متعلق قومی سلامتی قانون پر نئے قوانین کی تدوین کی ہے ۔ جس کے بعد امریکہ برطانوی اور بعض یوروپی ممالک نے سخت اعتراض کیا ہے۔