نئی دہلی : حکومت ہند نے لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر کی درآمدات پر فوری اثر سے پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فارن ٹریڈ کے ذریعہ جاری نوٹس کے مطابق جائز لائسنس کی بنیاد پر ان چیزوں کی محدود تعداد میں درآمدات کی اجازت دی جائے گی۔ ایچ ایس این 8741 کے تحت آنے والے الٹرا اسمال فارم فیکٹر کمپیوٹر اور سروَر کی درآمدات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔وزارت کی طرف سے جانکاری دی گئی ہے کہ ایک شرط کے ساتھ درآمدات کی اجازت دی جائے گی کہ درآمد سامان کا استعمال صرف بتائے گئے مقاصد کیلئے کیا جائے گا، نہ کہ فروخت کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شرط میں یہ بھی شامل ہے کہ استعمال کے بعد پروڈکٹ کو تباہ کر دیا جائے گا یا پھر سے برآمد کیا جائے گا۔