چین سے نکالے گئے امریکیوں میں کورونا وائرس کا پہلا کیس

   

واشنگٹن ۔ 11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چین سے حال ہی میں نکالے گئے امریکی شہریوں میں سے ایک میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ ان لوگوں کو بطور احتیاط دو ہفتوں کے لیے امریکی فوجی اڈوں پر رکھا گیا ہے۔ اتوار کو ریاست کیلی فورنیا میں حکام کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ متاثرہ شخص اور تین دیگر افراد کو کورونا وائرس کی علامات کے سبب الگ تھلگ کر دیا گیا تھا۔ امریکہ میں اب تک کورونا وائرس کے 13 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے سات ریاست کیلی فورنیا میں سامنے آئے ہیں۔