آگرہ (یوپی) : چین سے دو دن قبل واپس ہوئے آگرہ کے 40 سالہ شخص میں کورونا وائرس پایا گیا۔ کوویڈ پازیٹیو اس شخص کو گھر میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر ارون سریواستو نے بتایا کہ اس شخص کے نمونوں کو جینوم سیکونسنگ کیلئے لکھنؤ کو بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت نے ایک ٹیم کو اس شخص اور اس کے ارکان خاندان کے ٹسٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جو اس شخص کے رابطہ میں آئے ہیں۔ یہ شخص 23 ڈسمبر کو چین سے براہ دہلی، آگرہ پہنچا تھا۔ ایک خانگی لیباریٹری میں اس کی طبی جانچ کی گئی اور وہ کورونا پازیٹیو پایا گیا۔25نومبر کے بعد ضلع میں یہ پہلا کورونا پازیٹیو کیس ہے۔چین کے بشمول دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا کے بڑھتے کیسیس کے پیش نظر مرکزی حکومت نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔اسی دوران ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 227 تازہ کیسیس درج ہوئے ہیں جبکہ ایک کی موت ہوئی ہے۔